نئی دہلی، 7 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) معیشت میں سست روی کے اشارہ کو دیکھتے ہوئے ریزرو بینک آف انڈیا نے اس مالی سال یعنی2019-20 کے لئے ملک کے مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) میں خسارے کے اندازہ کو کم کرکے 6.9 فیصد کر دیا ہے۔ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی طرف سے جائزہ لینے کے بعد بدھ کو یہ اندازہ جاری کیا گیا۔اس کے پہلے ریزرو بینک نے 2019-20 میں معیشت میں 7 فیصد کی برتری ہونے کا اندازہ جاری کیا تھا۔غور طلب ہے کہ مودی حکومت نے اگلے پانچ سال میں ملک کی اکنامی کو 5 ٹریلین ڈالر تک لے جانے کا ہدف رکھا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے لئے سالانہ کم از کم 9 فیصد کی جی ڈی پی شرح نمو ہونا چاہئے۔ایسے میں ریزرو بینک کی طرف سے ترقی اندازہ کی کمی سے یہ سوال کھڑا ہوتا ہے کہ آخر اسے کس طرح حاصل کیا جا سکے گا۔غور طلب ہے کہ معیشت کو رفتار دینے کے لئے ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد کی کمی کی ہے۔ملکی معیشت کا اندازہ پیش کرتے ہوئے ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے کہا کہ اگست کے پہلے ہفتے تک مانسون کی بارش اوسط سے 6 فیصد کم ہوئی ہے۔اس کی وجہ سے خریف فصلوں کی بوائی گزشتہ سال کے مقابلے 6.6 فیصد کم رہی ہے،تاہم اس کے بعد بارش کے عام رہنے کی پیشن گوئی محکمہ موسمیات کی طرف سے کی گئی ہے۔ریزرو بینک نے کہا کہ مینوفیکچرنگ اور مائننگ میں کمی کی وجہ سے مئی مہینے میں صنعتی مصنوعات انڈیکس (آئی آئی پی) میں کمی واقع ہوئی ہے۔